پیر 17 فروری 2025 - 09:52
ہم نہ تو تسلیم ہوں گے اور نہ ہی شکست کھائیں گے: شیخ نعیم قاسم

حوزہ/ حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے شہید کمانڈروں کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باطل کا مقابلہ کرنے اور اسے شکست دینے کے لیے جہاد کرنا ضروری ہے۔ ہم تسلیم نہیں ہوں گے اور نہ ہی شکست کھائیں گے، اور نہ ہی باطل کی حکمرانی کو قبول کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے شہید کمانڈروں کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاج عماد مغنیہ ایک سیکیورٹی اور عسکری شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک موجد بھی تھے، جو مجاہدین کی قیادت ایمانی جذبے کے ساتھ کرتے تھے۔

انہوں نے کہا: "باطل کا مقابلہ کرنے اور اسے شکست دینے کے لیے جہاد کرنا ضروری ہے۔ ہم تسلیم نہیں ہوں گے اور نہ ہی شکست کھائیں گے، اور نہ ہی باطل کی حکمرانی کو قبول کریں گے۔"

شیخ نعیم قاسم نے امریکی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا: "امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ مل کر غزہ میں نسل کشی کی کوشش میں ناکام رہا، اور اب وہ فلسطینی عوام کے خلاف سیاسی نسل کشی کا ارادہ رکھتا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے حوالے سے ٹرمپ کے اقدامات نہایت خطرناک ہیں، اور وہ مسئلہ فلسطینی کو مکمل طور پر ختم کرنا چاہتا ہے۔

المنار چینل کے مطابق، شیخ نعیم قاسم نے اپنی تقریر میں خبردار کیا کہ امریکہ کی سازشیں نہ صرف فلسطین بلکہ پورے عرب اور اسلامی ممالک کے لیے خطرہ ہیں، اور حالیہ جنگ میں بین الاقوامی برادری کی خاموشی نے امریکہ کو مزید جارحانہ اقدامات کے لیے حوصلہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا: "ٹرمپ صرف فلسطینیوں کے خلاف ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے خلاف دشمنی رکھتا ہے۔ ہم کسی بھی صورت میں فلسطینیوں کی جبری ہجرت کو قبول نہیں کریں گے اور پوری امت کو ہر ممکن طریقے سے فلسطینی عوام کی حمایت کرنی چاہیے۔"

شیخ نعیم قاسم نے حزب اللہ کے شہید کمانڈروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا: "شہید سید عباس موسوی ہمیشہ محاذ جنگ میں پیش پیش رہتے تھے، اور وہ فتح پر کامل یقین رکھتے تھے۔ وہ کہا کرتے تھے: ہمیں قتل کر دو، مگر ہم مزید بیدار ہو جائیں گے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ ہر سال 16 فروری کو سید الشہداء مقاومت سید عباس موسوی، شیخ الشہداء مقاومت شیخ راغب حرب، اور عظیم جہادی کمانڈر حاج عماد مغنیہ (حاج رضوان) کی یاد مناتا ہے۔

آخر میں، شیخ نعیم قاسم نے حضرت ولی عصر (عج) کی ولادت باسعادت پر پوری دنیا اور تمام مستضعفین کو مبارکباد پیش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha